کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کراچی میں گرمی کی شدت برقرار ہے جبکہ آج بھی شہر میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن گرمی کی شدت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے شہر میں مغرب کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر میں منگل سے مزید شدت آنے کا الرٹ جاری کر دیا ہے، 23 تا 27 مئی کے دوران درجہ حرارت میں 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اندورن سندھ میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اسی طرح آج دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ و اطراف میں بھی درجہ حرارت 48 تا 50 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی صورت میں شہریوں کو پانی اور ٹھنڈے مشروبات استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ہیٹ ویو کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ہدایات جاری کر دیں۔