اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہے گا، خیبرپختونخوا بالائی، پنجاب شمالی، وسطی بلوچستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز بھی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم رہا، سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو 49، جیکب آباد 47، سکھر، روہڑی، موہنجو داڑو، پڈعیدن، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور ڈی جی خان میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، سبی میں 43، لاہور میں درجہ حرارت 41 تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی سندھ اور قلات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش سندھ میں تھر پارکر چھاچھرو 23، اسلام کوٹ06 اور بلوچستان کے علاقے قلات میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے اور این ای او سی نے مئی اور جون کے مہینوں میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی کر دی، جس کے مطابق سندھ کے اضلاع عمر کوٹ، تھرپارکر، ٹندوالٰہ یار، مٹیاری اور سانگھر جبکہ بنجاب میں بہاولپور اور رحیم یار خان کے اضلاع میں ہیٹ ویو کا خطرہ ہے۔
ہیٹ ویو انسانوں اور دیگر جانداروں کو بھی متاثر کر سکتی ہے، 15 تا 30 مئی کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا سکتا ہے جس کے باعث ہیٹ ویو کا پہلا سپیل متوقع ہے، پہلا سپیل 2 تا 3 دن پر محیط ہو گا جبکہ مئی کے آخر میں دوسرا سپیل 4 تا5 دن جاری رہے گا۔
جون کے مہینے میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جس کے باعث جون کے پہلے 10 دنوں کے دوران ہیٹ ویو کا تیسرا سپیل متوقع ہے جو تھرپارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، بدین، خیرپور کو متاثر کرے گا، تیسرا سپیل 3 تا 5 دن جاری رہنے کا امکان ہے۔