اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان سے پاکستانی طلبہ کو واپس لانے کیلئے خصوصی طیارے کا انتظام کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق بشکیک سے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی طیارہ آج شام روانہ ہوگا، خصوصی طیارہ رات کو 130 پاکستانی طلبہ کو لے کر پاکستان پہنچے گا، وزیراعظم کی ہدایت پر خصوصی طیارے کے تمام تر اخراجات حکومت پاکستان ادا کرے گی۔
وزیراعظم نے رابطے میں کرغزستان میں موجود تمام پاکستانی طلبہ اور ان کے خاندانوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زخمی پاکستانی طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر وطن لایا جائے، خاندان کے ساتھ مقیم طلبہ کی بھی وطن واپسی کا انتظام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو کرغز نائب وزیر خارجہ آیواز بیک عطاخانوف سے ہوئی ملاقات بارے آگاہ کیا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ کرغز حکومت نے بتایا ہے کہ حالات پر مکمل طور قابو پا لیا گیا ہے، کل رات اور آج تشدد کا کوئی نیا واقعہ نہیں ہوا، سکیورٹی بڑھا دی گئی پاکستانی اور دیگر غیر ملکی طلبہ بالکل محفوظ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالات معمول پر آنے کے باوجود اگر کوئی پاکستانی طالب علم وطن واپس آنا چاہتا ہے تو اسے ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کچھ پاکستانی طلبہ آج دو کمرشل پروازوں کے ذریعے بھی کرغزستان سے پاکستان پہنچیں گے۔