اسلام آباد :(دنیانیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
گزشتہ روز گرفتار کیے گئے سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کو ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔
سردار تنویر الیاس کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے سول جج عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، سردار تنویر الیاس کی جانب سے صابر ملک ایڈووکیٹ اور نوید رضا مغل ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ سردار تنویر الیاس نے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کیا، انہوں نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر سعودی عرب کا دورہ کیا، وہ قانون کے مطابق وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد پاسپورٹ استعمال نہیں کرسکتے تھے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ سردار تنویر الیاس کا پاسپورٹ کینسل کیا گیا مگر انہوں نے تاحال واپس نہیں کیا، ان سے پاسپورٹ ریکور کروانا ہے، 8 دن کا ریمانڈ دیا جائے۔
وکیل صفائی نے کہا کہ سردار تنویر الیاس سابق وزیر اعظم ہیں، ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کر سکتے ہیں، سردار تنویر الیاس نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر صرف سعودی عرب کا دورہ کیا، انہوں نے پاسپورٹ ریکور کرنے کے لیے ریمانڈ مانگا ہے، ہم پاسپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہیں۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ انہوں نے پاسپورٹ نکال کر جرم کا اقرار کیا ہے، پراسیکیوٹر نے سردار تنویر الیاس کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے سابق وزیر اعظم کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔