تھر کا کوئلہ پورے پاکستان کی معیشت کا بوجھ اٹھا سکتا ہے: شرجیل میمن

Published On 23 May,2024 03:08 pm

کراچی: (دنیانیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کاکہنا ہے کہ سندھ حکومت ہرسیکٹر کو دوبارہ بہتر سے بہتر بنارہی ہے ، تھر کا کوئلہ پورے پاکستان کی معیشت کا بوجھ اٹھا سکتا ہے۔

کراچی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت پر ذمہ داری زیادہ ہے ، سندھ میں سب سے زیادہ صنعتیں تھیں، ، تھر کے کوئلے سے بجلی بناکر 200 سال تک ایکسپورٹ کر سکتے ہیں، تھر 3 ہزار میگاواٹ سستی بجلی نیشنل گرڈ کو دے رہا ہے، سندھ کو ماضی میں ٹارگٹ کیا گیا، دھابیجی انڈسٹریل زون واحد ہے جو سی پیک میں شامل کیا جارہا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے مزید صنعتی زون بنارہے ہیں۔

وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ پچھلے ایک ماہ میں سٹریٹ کرائم 50فیصد سےبھی کم ہوا ہے، لوگوں کے جان و مال کی حفاظت عبادت سے کم نہیں، نگران حکومت کے دور میں سٹریٹ کرائم بڑھے، آج سے 15سال سے پہلے امن وامان کی صورتحال خراب تھی، لوگ قافلوں کی صورت میں سفر کرتے تھے، حیدر آباد اور سکھر کا نیشنل ہائی وے بری پوزیشن میں ہے، کراچی کے کاروباری افراد سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں، ہم نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے حیدر آباد،سکھر موٹروے جلد سے جلد تعمیر کریں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ہر بار کراچی پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں ، کراچی میں پانی اور دوسرے مسائل ہیں، ہم کے فور منصوبے کے لیے بجٹ پورا رکھتے ہیں، شہر کراچی میں لوگوں کو روزگار ملتا ہے، غیر قانونی تارکین وطن کا چیلنج بھی سب سے زیادہ کراچی ہی برداشت کررہا ہے، نگران حکومت نے بھی غیر قانونی ٖغیر ملکیوں والے مسئلے پر کوشش کی، موجود حکومت بھی غیر قانونی ، غیر ملکیوں والے معاملے پر کام کررہی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ سندھ کے حالات منصوبے کے تحت خراب کئے گئے، پہلے بھی امن و امان کی صورتحال بہتر کی،اب بھی نظر آئے گی، پیپلز بس سروس کراچی میں چل رہی ہے ،مزید بسیں آنی ہیں، لاڑکانہ ،سکھر،حیدر آباد، میرپور خاص میں بھی پیپلز بس سروس شروع کی، ہم ای وی بس سروس بھی اچھے ماڈل میں لائے ہیں، کراچی پاکستان کا واحد شہر ہے جہاں الیکٹرک بس سروس چل رہی ہے، تاجر برادری بھی آگے آئے اور ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری کرے، کراچی شہر کو ہزاروں بسوں کی ضرورت ہے، ہم ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں 30کلومیٹر کا سفر 50روپے میں کرارہے ہیں۔

وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ پورے پاکستان کے کسی شہر میں صرف خواتین کیلئے مخصوص بس سروس نہیں، پورے یورپ ،متحدہ عرب امارات میں پنک بس سروس نہیں ہے، ریڈ اور ییلو لائن بی آرٹی بھی لارہے ہیں، ریڈ لائن بی آر ٹی بائیو گیس پر چلنے والی پہلی بس سروس ہوگی، سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت ایک صوبے کو ٹارگٹ کیا گیا، چیلنجز ہوتے ہیں لیکن انہیں ختم کرنا حکومت کا کام ہے۔