اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) بھارت میں قید کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اقوام متحدہ اورعالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں دس برس سے بھارت میں قید شوہر سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
بھارتی جیل میں قید و بند کی صعوبتیں کاٹنے والے حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
مشعال ملک نے اپنے پیغام میں بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں جنیوا کنونشن کے قوانین کے تحت اپنی 12 سالہ بیٹی رضیہ سلطانہ کے ساتھ تہاڑ جیل میں قید یاسین ملک سے ملاقات کے لیے محفوظ داخلے کی اجازت دی جائے۔
ان کاکہنا تھا کہ ان کے خاندان نے گزشتہ دس برس سے ایک دوسرے کو نہیں دیکھا، وہ سب ایک دوسرے کو دیکھنے کو ترس گئے ہیں۔
— Mushaal Hussein Mullick (@MushaalMullick) May 24, 2024
مشعال ملک نے اپنے پیغام میں اقوام متحدہ، عالمی اداروں اور حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی اس سنگین خلاف ورزی کا جائزہ لیں اور بھارت پردباؤ ڈالیں کہ وہ دہلی کی تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں موجود ان کے شوہر سے ان کی محفوظ ملاقات کے انتظام کی ضمانت دے۔
ویڈیو پیغام میں ان کاکہنا تھا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جائز آواز کو دبانے کیلئے بھارتی نام نہاد عدالتوں نے یاسین ملک کو دھوکہ دہی کے مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی ہے اور اب بھارتی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی اس مضبوط آواز کو خاموش کروانے کیلئے فرضی مقدمات کا سہارا لے کر انہیں سزائے موت سنانا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو برسوں سے یاسین ملک بغیر کسی فیئر ٹرائل ، وکیل اور قانونی رسائی کے بغیر عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔