اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 28 مئی سے یکم جون کے درمیان ملک کے بالائی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔
مغربی ہوائیں 28 مئی کو ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوں گی، 28 سے 29 مئی کے دوران بلوچستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 28 مئی سے یکم جون کے درمیان اسلام آباد اور مری سمیت پنجاب کے بیشتر مقامات پر آندھی، جھکڑ اور بارش متوقع ہے، 28 مئی سے یکم جون کے درمیان خیبرپختونخوا کے چند مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 28 مئی سے یکم جون کے درمیان گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، 28 مئی سے ملک کے بالائی علاقوں میں گرمی کی لہر میں کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں ہیٹ ویو برقرار رہے گی، بڑھتے درجہ حرارت میں ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔