اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مارگلہ پہاڑیوں پر لگی آگ پر بروقت قابو پانے پر تمام متعلقہ اداروں و افسران کی پذیرائی کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج، این ڈی ایم اے، اسلام آباد انتظامیہ، کوآرڈی نیٹر موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے افسران و اہلکاروں کی جانب سے آگ بجھانے کیلئے کوششیں قابل ستائش ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے آگ بجھانے کیلئے ہیلی کاپٹرز کی فراہمی پر شکر گزار ہیں، آگ بجھانے کے آپریشن میں وزیرِ اعظم ہاؤس کے ہیلی کاپٹرز، th6 ایوی ایشن نے بھی وزیرِ اعظم کی ہدایت پر حصہ لیا، وزیرِ اعظم نے ان کی کوششوں کی بھی پذیرائی کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آگ سے جنگلات کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کر کے اس کی بھرپائی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آگ میں زخمی ہونے والی جنگلی حیات کو ویٹرنری ڈاکٹرز ممکن طبی امداد فراہم کریں۔