لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وادی سون کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وادی سون سکیسر سے ملحقہ پہاڑی جنگل میں گزشتہ روز اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کئی کلومیٹر پر پھیل چکی جس پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا، آئے روز پہاڑی جنگل میں لگنے والی آگ سے ہزاروں درخت جل کر راکھ ہو چکے ہیں، محکمہ جنگلات کا چوکیدار آگ بجھاتے ہوئے جھلس کر جاں بحق ہو گیا، ملازم رضا شاہ کی میت کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وادی سون جنگلات میں خوفناک آتشزدگی پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے شہید ہونے والے چوکیدار سید غلام رضا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ شہید چوکیدار نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں جان قربان کی، سلام پیش کرتی ہوں، حکومت پنجاب شہید چوکیدار کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، وادی سون کے جنگلات قومی اثاثہ ہیں، آگ بجھانے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں، متعلقہ ادارے وادی سون میں آتشزدگی پر مکمل طور پر قابو پانے تک الرٹ رہیں۔