لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں انڈسٹری کے فروغ کے اہداف کے حصول میں ناکامی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز کے امور سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سپیشل اکنامک زون میں دستیاب کاروباری سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ناقص کارکردگی پر انڈسٹریل اسٹیٹس کے سربراہ اور بورڈز تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا انڈسٹریل اسٹیٹس کے سربراہ اور ٹیم کا پرفارمنس آڈٹ کرایا جائے گا، انڈسٹری کو سہولتیں دے کر ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کریں گے، انڈسٹریل اسٹیٹس کو انہی مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے جن کے لئے قائم کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا انڈسٹریل اسٹیٹس کو پلگ اینڈ پلے ماڈل پر قائم کرنا چاہتے ہیں، انڈسٹری کے قیام کے طریقہ کار کو آسان اور تیز ترین بنایا جائے گا۔