اسلام آباد: (دنیا نیوز) عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان و دیگر کے خلاف تھانہ رمنا میں درج دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے 2 مقدمات میں ملزمان کی حاضری مکمل کرانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سابق وزیراعظم عمران خان و دیگر کیخلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
رہنما پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز، علی نواز اعوان، واثق قیوم و دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے وکلا سردار محمد مصروف ایڈووکیٹ، نعیم پنجھوتھا ایڈووکیٹ بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
وکیل پاکستان تحریک انصاف نے بتایا کہ ان دونوں مقدمات میں 50 سے زائد ملزمان ڈسچارج ہوچکے ہیں، باقی لوگ روپوش ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکے تھے، اب جو ملزمان پیش ہو رہے ہیں ان کو 265 ڈی کے تحت ڈسچارج کر دیا جائے۔
اس پر جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ ابھی کیس اس سٹیج پر نہیں آیا کہ ان ملزمان کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے۔
عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے گزشتہ سماعت پر رپورٹ طلب کی گئی تھی، جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ ابھی تک اس رپورٹ پر کوئی جواب نہیں آیا، تمام ملزمان کی حاضری مکمل کی جائے تاکہ کیس کو آگے چلایا جا سکے۔
بعدازاں اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے کیسز کی سماعت 28 جون تک کیلئے ملتوی کر دی۔