عمران خان تاریخ کے سب سے پرتعیش قیدی ہیں: طلال چودھری

Published On 30 May,2024 07:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ایسے جیل کاٹ رہے ہیں جیسے ہوٹل بُک کرایا ہو، بانی پی ٹی آئی تاریخ کے سب سے پُرتعیش قیدی ہیں، اس کے باوجود سہولیات نہ ملنے کے حوالے سے جھوٹ بولا جا رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مخالفین کو کال کوٹھریوں میں رکھا، ان کے پاس جیل میں 7 کمرے ہیں، 24 گھنٹے ملازمین کی سہولت ہے، بانی پی ٹی آئی جھوٹ کہتے ہیں کہ وہ قید تنہائی میں ہیں۔

طلال چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جھوٹا بیانیہ بنانے کے ماہر ہیں، ایک دفعہ پھرانہوں نے جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی، جھوٹا بیانیہ بنا کر 190 ملین پاؤنڈ کیس سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: استحکام پاکستان پارٹی نے ن لیگ سے پنجاب میں دو وزارتیں مانگ لیں

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بین الاقوامی جریدے میں آرٹیکل کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، غیرتصدیق شدہ آرٹیکل چھپوانا سوچا سمجھا منصوبہ ہے، عالمی میڈیا کو تصدیق کر لینی چاہئے تھی، آج کل عدلیہ پر ریلیف لینے کے لیے پریشر بڑھا رہے ہیں۔

طلال چودھری نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں اور میڈیا کو گمراہ کرنا بانی پی ٹی آئی کی عادت ہے، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں ان کے تمام کرتوت، گناہ معاف کر دیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افراتفری پھیلانا عمران خان کی سوچ ہے، سانحہ 9 مئی پاکستان کے اداروں میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش تھی، بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں پھر کوئی انہیں کندھوں پر بٹھا کر وزیراعظم ہاؤس لے جائے۔