کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کراچی ایک بار پھر گرمی کی لپیٹ میں آگیا، آج شہر میں مطلع صاف اور تیز دھوپ کا راج ہے جس کے باعث پارہ بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور آج پارہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی توقع ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وقت 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے سبب گرمی کی شدت بھی زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ شام میں کراچی کا موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں شام کے اوقات میں کہیں مطلع صاف اور کہیں جزوی ابرآلود رہے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چاند نظر آنے کا دورانیہ تقریباً 70 منٹ رہ سکتا ہے اور آج پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔