ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلئے ہمیں اپنا رویہ بدلنا ہوگا: رومینہ خورشید عالم

Published On 05 June,2024 10:12 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی کوآرڈی نیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ اگر ہم نے ماحولیاتی تبدیلی سے بچنا ہے تو ہمیں اپنے اندر لچک پیدا کرنی ہوگی، اپنا رویہ بدلنا ہوگا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی بنیادی وجوہات پر نظر رکھنا ہوگی۔

ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کے تعاون سے منعقدہ  ہماری زمین، ہمارا مستقبل  کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ ہم نے ملک کی ایک لاکھ ہیکٹر زمین کو بحال کر کے مجموعی رقبے کے 6 فیصد پر جنگلات کی بحالی کا عزم کیا ہوا ہے۔

اپنے کلیدی خطاب میں وزیراعظم کی کوآرڈی نیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات 2024 کا موضوع ماحول کے تحفظ کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی انحطاط کے بڑھتے ہوئے اثرات کی وجہ سے ملک کی زمین کا تین چوتھائی حصہ متاثر ہوگا۔

رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان صرف 16 ملین ہیکٹر زمین آبپاشی کے لئے استعمال کرتا ہے اور اس کے بہت سے حصے سیم اور تھور سے متاثر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایڈیپٹیشن پلان زمین کے انحطاط سے نمٹنے اور خراب زمینوں کی آبادکاری کے لئے اہم ہے، مقامی برادریوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور حکومتوں کو زمین کو ٹھیک کرنے کے لئے مل کر لڑنا ہوگا۔