ساہیوال: ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی سے متاثرہ مزید 2 بچے دم توڑ گئے

Published On 09 June,2024 04:50 am

ساہیوال: (دنیا نیوز) ساہیوال کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میں آگ لگنے کی وجہ سے زیر علاج مزید دو بچے دم توڑ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ روز چلڈرن وارڈ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، آتشزدگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے دھوئیں کی وجہ سے 2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد بچے متاثر ہوئے تھے۔

آگ لگنے کے دوران 75 میں سے 69 بچوں کو دوسرے وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے بعد مزید 2 متاثرہ بچے دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد مرنے والوں بچوں کی مجموعی تعداد 4 ہو گئی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ہسپتال میں آتشزدگی کا نوٹس لے لیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کمشنر ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔