اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے کہا کہ ہم نے سیلز اور کسٹم میں ٹیکس چھوٹ ختم کی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ اور ممبران نے پوسٹ بجٹ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ مالی سال کیلئے 3800 ارب زائد اضافی ہدف حاصل کرنا ہوگا، پالیسی اور انفورسمنٹ کے ذریعے 1800 ارب روپے کے ٹیکسز جمع کئے جائیں گے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہاکہ 400 سے 450 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کی گئی، کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 150 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کی گئی، تنخواہ دار طبقہ پر 75 ارب روپے کا ٹیکس بوجھ ڈالا گیا ہے، غیر تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکسوں کا بوجھ 150 ارب روپے کا ہوگا۔
امجد زبیر ٹوانہ نے مزید بتایا کہ غیر منقولہ جائیداد پر 5 فیصد ایکسائز ڈیوٹی لگائی گئی ہے، پلاٹس اور کمرشل پراپرٹیز پر بھی ایکسائز ڈیوٹی لگائی گئی ہے، ایکسپورٹس کو نارمل ٹیکس رجیم میں لایا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریٹیلرز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو بڑھایا گیا ہے۔