نارنگ منڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف اور ان کی ٹیم کی محنت سے 2025 پاکستان کی بہتری، خوشحالی اور ترقی کا سال ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی 100 دن کی کارکردگی کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، ہر شعبے میں حکومت نے ریکارڈ کام کئے ہیں، عالمی برادری کے ساتھ دوبارہ تعلقات بحال ہو رہے ہیں جنہیں عمران خان نے خراب کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لانچ کرنے والے بھی افسوس کا اظہار کر رہے ہیں، 2017 میں بھی نواز شریف نے آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ دیا تھا، بعد میں عمران خان نے ملک کو دوبارہ آئی ایم ایف کے چنگل میں پھنسا دیا، تمام تر شواہد فتنہ خان کے خلاف ہیں، اب حکومت وقت کو اس فتنے کا حساب کرنا چاہئے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے چائنہ پاکستان سے پیچھے ہٹ گیا تھا، قوم سے وعدہ ہے کہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہے، ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے اور بہت جلد ترقی کے منازل بھی طے کرے گا۔
رانا تنویر حسین نے مزید بتایا کہ چین کا دورہ کامیاب تھا، چین کے اعلیٰ سطح کے وفود جلد پاکستان آئیں گے، ہماری حکومت میں قرضے کی نہیں سرمایہ کاری کی بات ہو رہی ہے۔