پشاور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو خیبرپختونخوا کےساتھ اپنا رویہ ٹھیک کرنا ہوگا، انہوں نےاپنا رویہ درست نہ کیا توان کا رویہ درست کرنے عوام نکلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ واپڈا کے مقامی اہلکار اپنی بساط کے مطابق تعاون کررہے ہیں، وفاقی حکومت کی طرف سے صوبے کے حصے کی بجلی پہلے سےکم کردی گئی ہے، وفاقی حکومت لوڈشیڈنگ کے ذریعے خیبر پختونخوا کے عوام سے انتقام لے رہی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر وفاق کےساتھ عنقریب دوسری بیٹھک ہوگی، لائن لاسز کے معاملے پر صوبائی حکومت واپڈا سے مکمل تعاون کررہی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ وفاق کی طرف سے جو کمٹمنٹ کی گئی تھی وہ پوری نہیں ہورہی، لوڈشیڈنگ شیڈول پرعمل درآمدنہ ہونےکی شکایات مل رہی ہیں۔