راولپنڈی: (دنیا نیوز) سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
سانحۂ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کے لیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید، زرتاج گل، راشد حفیظ، شیخ راشد شفیق عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قانونی ٹیم بھی عدالت میں پیش ہوئی۔
اڈیالہ جیل آنے والے ملزمان کی حاضری لگائی گئی جس کے بعد عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کی سماعت 15 جولائی تک بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جانی تھی جو ہو نہ سکی۔
مقدمات میں نامزد خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنوں کو بھی آج اڈیالہ جیل طلب کیا گیا تھا۔