سوات :(دنیا نیوز) سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ کے علاقے اسالہ کوٹنائی میں سکول بس گہری کھائی میں گرنے سے ایک طالب علم جاں بحق جبکہ 41 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق سکول بس، جس میں 42 کے قریب طلبہ سوار تھے، خوازہ خیلہ کے ایک نجی سکول اباسین سے سکول ختم ہونے کے بعد بچوں کو ان کے گھر لے کر جارہی تھی۔
ترجمان ریسکیو شفیقہ گل نے بتایا جب بس اسالا کے علاقے میں ایک تنگ پل پر پہنچی تو ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں عبداللہ نامی طالب علم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر بچے زخمی ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی طلبا کو خوازہ خیلہ ہسپتال منتقل کردیا، زخمی ہونے والے 6 طالب علموں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں علاج کے لیے سیدو شریف ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی عینی شاہدین کے مطابق بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوکر کھائی میں گر گئی، بس ڈرائیور اس سے قبل بھی ایسا حادثہ کر چکا ہے، ستم ظریفی یہ ہے کہ ڈرائیور کو اباسین اسکول نے ہائر کرلیا اور ایک بار پھر بس اس کے قابو سے باہر ہو گئی۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ بس بھی بہت پرانی ہے اور یہ اس سڑک کے لیے موزوں نہیں تھی، ایک سماجی کارکن وقاص علی نے میڈیا کو بتایا کہ نومبر 2021 میں، ایسی ہی ماڈل کی پرانی بس اسی ڈرائیور کے ساتھ الٹ گئی تھی جس سے 4 طالب علم جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اسالہ کے علاقے میں سڑک اور پل بہت تنگ ہیں جس کی وجہ سے کئی حادثات ہو چکے ہیں، انہوں نے بارہا حکام سے سڑک کو وسعت دینے کا کہا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر سوات ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ واقعے کی فوری انکوائری کی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں بشمول سکول انتظامیہ اور ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔