لاہور: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 12 جولائی کا دھرنا تاریخی ہوگا، حکومت ریلیف دے ورنہ نتائج بھگتنے کیلئے تیار ہوجائے۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انگریز کے پارٹنر خاندان آج بھی نظر آتے ہیں، انگریز نے اپنی مرضی کا نظام یہاں قائم کیا، معاشرے میں ظلم ہو رہا ہے، پہلے حکمران چھپاتے تھے آئی ایم ایف کا بجٹ نہیں ہے، وزیراعظم خود کہتے ہیں آئی ایم ایف کے کہنے پر بجٹ بنایا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ غلامی کی بھی انتہا ہے، آئی ایم ایف کے کہنے پر ٹیکسز لگائے جا رہے ہیں، غریبوں کے سکول پہلے تباہ اب بیچے جا رہے ہیں، آٹا، چینی، دالوں پر ٹیکس لگا کر وزیراعظم کہتے ہیں مہنگائی کم ہوگئی، بجلی، پٹرول کے بم عوام پر گرائے جا رہے ہیں، شہبازشریف صاحب! قوم کو ریلیف دو کہیں قوم بپھر نہ جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے بجٹ نے قبرکھود دی ہے، ظلم، جبر کیخلاف آواز اٹھانی ہے، بارہ جولائی کو بجلی بلوں کو کم کرنے کے لئے دھرنا ہوگا، پی ڈی ایم ون، نگران حکومت، پی ڈی ایم ٹو ایک ہی تسلسل ہے، حکومت نے صنعتوں اور زراعت کو تباہ کردیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بارہ جولائی کو دھرنے میں بیٹھنے کا اعلان کیا ہے اٹھنے کا نہیں، فارم 47 والوں کو ہم پر مسلط کر دیا گیا، ہم پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، کینیا میں لوگوں نے گورنر ہاؤس، پارلیمنٹ کو آگ لگا دی تھی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کبھی اسلام کو استعمال نہیں کیا، اسلام کی بنیاد عدل اور انصاف پر ہے۔