اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سُنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکلوانے کی درخواست پر سماعت میں سیکرٹری داخلہ اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سُنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکلوانے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی ، عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سید احسن رضا کو روسٹرم پر بلا لیا ، چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کو کیا لگتا ہے کہ یہ باہر جا کر واپس نہیں آئیں گے؟ سیاسی لیڈر ہیں باہر گئے تو واپس آ جائیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ صرف تنگ کرنے کیلئے نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے؟ عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔