عمران خان کی ہفتے میں ایک بار واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کروانے کی درخواست مسترد

Published On 08 July,2024 11:31 am

راوالپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہفتے میں ایک مرتبہ واٹس ایپ پربیٹوں سے بات کروانے کی درخواست مسترد کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجازآصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات کروانے کی درخواست پر سماعت کی۔

جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروا دیا گیا، جیل انتظامیہ نے جواب میں بتایا کہ جیل مینوئل کے مطابق کسی ملزم کی واٹس ایپ پر رشتہ داروں سے ملاقات کا قانون موجود نہیں۔

عدالتی حکم کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی مہینے میں 2 مرتبہ بیٹوں سے بات کروائی جاتی ہے۔

بعدازاں جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروانے پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ہفتے میں ایک مرتبہ واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کروانے کی درخواست مسترد کر دی۔