کراچی: (رطابہ عروس) محکمہ موسمیات نےشہر قائد کراچی میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کردیا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ مون سون ہواؤں کے زیر اثر شہر میں آج دوپہر اور شام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بارش کے زیادہ امکانات مضافات میں ہیں جبکہ سمندری ہوائیں منقطع ہونے کے باعث حبس کی کیفیت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شہر میں کل کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے تاہم اس وقت مطلع جزوی ابر آلود،موسم گرم اور مرطوب ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق کراچی کا آج کم سے کم درجہ حرارت 30 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر قائد کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔