اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت میں خاور مانیکا کے وکیل نے آج پھر دلائل کا آغاز کر دیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت جاری ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت کر رہے ہیں۔
جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان بھی بڑی تعداد عدالت پہنچ گئی۔
وکیل خاور مانیکا کے دلائل
خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف نے اپنے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی توہین پر نوٹس ہوجاتا ہے تو ماتحت عدالتوں کے ججز کی توہین پر نوٹس کیوں نہیں ہوتا؟
دوران سماعت وکیل خاور مانیکا نے سابق امریکی صدر بل کلنٹن کا ذکر بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے قوم سے معافی مانگی جاتی تو شکایت کنندہ خاور مانیکا بھی معاف کرسکتے ہیں، اس عدالت نے دیکھنا ہے کہ شکایت تاخیر سے جان بوجھ کر درج کرائی گئی یا نہیں، قانون میں کوئی قدغن نہیں کہ شکایت کتنے عرصے بعد درج کرائی گئی۔
وکیل نے دریافت کیا کہ کیا وراثت کا کیس 100 سال بعد نہیں سنا جاسکتا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ دوسری طرف سے عدت کے حوالے سے بیان کے ویڈیو کلپ پر دلائل دیے گئے، آج یہ یکم جنوری والے نکاح کو تسلیم کرتے ہیں اس سے پہلے اس سے انکار کرتے رہے ، خاور مانیکا کا کلپ چلایا گیا کہ وہ بشریٰ بی بی کی بڑی تعریفیں کررہے ہیں۔
عدالت میں خاور مانیکا کا ویڈیو بیان چلانے کی استدعا
خاور مانیکا کے وکیل نے عدالت میں خاور مانیکا کا ویڈیو بیان چلانے کی استدعا کردی جس پرخاور مانیکا کے ساتھ ساتھ ان کے صاحبزادے کا ویڈیو بیان عدالت کے سامنے چلایا گیا۔
بعد ازاں وکیل نے بتایا کہ عمران خان اور خاور مانیکا کے صاحبزادے نے یکم جنوری کے نکاح سے انکار کیا تھا، خاور مانیکا کے وکیل نے پی ٹی آئی کا تردیدی آفیشل لیٹر عدالت کے سامنے بھی پیش کردیا۔
اس پر جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ میں جب خاور مانیکا کا بیان ہوا تب یہ دستاویزات پیش کی گئی تھیں؟ وکیل زاہد آصف نے کہا کہ نہیں، اس وقت نہیں پیش کی گئیں ، ٹرائل کورٹ کے سامنے خاور مانیکا کا بیان چلایا گیا مگر ان کے صاحبزادے کا بیان نہیں چلایا گیا۔
جج نے مزید دریافت کیا کہ آپ کا گواہ تو کہتا ہے مجھے دوسرے دن ہی شادی کا پتا لگ گیا تھا، آپ لوگ طلاق کو تو مانتے ہیں نا؟ آپ دونوں حنفی کے پیروکار ہیں اور حنفی میں تین طلاق کے بعد رجوع کا حق ختم ہوجاتا ہے۔
فقہ حنفیہ کے مطابق طلاق ہوگئی، عدت کا کیس تو بنتا ہی نہیں: جج
وکیل خاور مانیکا نے کہا کہ شکایت میں پتا لگا کہ عدت میں نکاح کیا گیا ، جج نے ریمارکس دیئے کہ فقے کے نظریات کو کورٹ میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا ، یہ فقہ حنفیہ سے ہیں اور اس کے مطابق طلاق ہوگئی ہے تو عدت کا کیس تو بنتا ہی نہیں ہے۔
جج نے ریمارکس دیئے کہ ججمنٹ موجود ہے مسلم پرسنل لاء کا مطلب ہے کہ آپ کا فرقہ کون سا ہے، عدالت کہتی ہے آپ مسلم پرسنل لاء کو کسی فورم پر چیلنج نہیں کر سکتے، یہ تو دونوں اہل حدیث نہیں ہیں اگر اہل حدیث ہوتے تو آپ کا کیس اچھا ہوتا، جس پر وکیل نے کہا کہ خاورمانیکا کو یہ علم نہیں تھا پاکستانی قانون میں دوران عدت نکاح جرم ہے۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ میں آپ کو پورا موقع دوں گا کل سن لوں گا اس کے ساتھ ہی ایڈیشنل سیشن جج نے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کا عندیہ دے دیا۔
وکیل شکایت کنندہ نے کہا کہ پھر مجھے بھی دلائل کے لیے 28 دن ملیں گے؟
وکیل خاور مانیکا نے مزید بتایا کہ ان کے مطابق اگر شکایت کنندہ نے کسی پریشر میں شکایت درج کروائی ہے تو ان کو ثابت کرنا ہوگا ، میرے خلاف ایک مقدمہ درج ہوا اس کے بعد ضمانت ہوئی تو میں رہا ہوگیا ، ثابت کیسے ہوا کہ میں دباؤ میں تھا؟ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر گزشتہ رات ایک ٹاک شو میں بیٹھے ہوئے کچھ بول رہے تھے لگتا ہے ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ بھی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سے متاثر ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار پر اعتراض کیا گیا ، طلبی کے نوٹسز کو اسلام آباد ہائیکورٹ اور سیشن کورٹ میں چیلنج کیا گیا ، جب دوسرے فریق کی جانب سے دائرہ اختیار کو ایک بار تسلیم کرلیا جائے تو اس کے بعد کیسے اعتراض کیا جا سکتا ہے؟ میں کوشش کروں گا آج کچھ حد تک دلائل مکمل کرسکوں۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں مختصر وقفہ کر دیا۔
وقفے کے بعد سماعت
مختصر وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا توخاور مانیکا کے وکیل کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے دوران دکھائے گئے ویڈیو کلپ کے حوالے سے دلائل دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگر گواہ کا بیان پولیس کی جانب سے ریکارڈ کیا گیا ہو تب اس پر پوچھا جا سکتا تھا کہ یہ ویڈیو آپ کی ہے۔
اس پر جج افضل مجوکا نے بتایا کہ گواہوں کے بیان کے بعد جرح کے دوران گواہ سے یہ نہیں پوچھا جا سکتا کہ آپ نے یہ کہا ہے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے کہا کہ جرح کے دوران کوئی دستاویزات پروڈیوس ہوتی ہیں تو اس پر گواہ سے سوال پوچھا جا سکتا ہے اور انہوں نے عدالتی فیصلے کا حوالہ دیا۔
خاور مانیکا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ایسے دستاویزات کو لیگل ڈاکومنٹس کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا ، ویڈیو ثبوت پیش کرنے کے لیے فرانزک کنفرنٹ کرانے سمیت 21 پوائنٹس زیر غور آتے ہیں ، میں اس کیس میں دوسری شکایت کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دوں گا، روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کرنے کے فیصلے کے بعد ٹرائل 24 دن میں مکمل ہوا۔
اس پر وکیل پی ٹی آئی عمران صابر نے دریافت کیا کہ ایک سوال ہے کہ کیا جلدی ٹرائل رات کے وقت بھی ہوسکتا ہے ؟ وکیل زاہد آصف نے کہا کہ یہ عدالت کی صوابدید ہے کہ وہ جس وقت بھی ٹرائل کرنا چاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2 گواہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اپنے بندے تھے ، عون چودھری سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری تھے اور مفتی سعید پی ٹی آئی کے کور کمیٹی کے رکن تھے۔
وکیل نے بتایا کہ آج اتنے کافی ہیں ،میں اپنے دلائل کل مکمل کرلوں گا ، کل دلائل مکمل کرنے کے لیے 3 سے 4 گھنٹے لوں گا ، میں کل عدت اور کچھ ججمنٹس پر دلائل دوں گا۔
اس پر پی ٹی آئی کے وکیل عثمان ریاض گل نے کہا کہ اگر ممکن ہو تو یہ اپنے پوائنٹس بتا دیں، ہم اس پر جواب الجواب آج دے دیتے ہیں یہ کل دلائل مکمل کرلیں گے، کیس کی پراسکیوشن کے لیے ہمارے پاس دو آپشن تھے کہ دستاویزات زبانی طور پر ثابت کرسکیں۔
سماعت ملتوی
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے 8 بجے تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق عدت میں نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف مرکزی اپیلوں پر فیصلہ کرنے کا آج آخری روز تھا۔
گزشتہ سماعتوں کا احوال
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی تھی۔
رواں ماہ 9 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی تھی۔
9 جولائی کو ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں مرکزی اپیلوں کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کے حکم پر نظرثانی درخواست خارج کردی تھی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سیشن کورٹ کو ایک ماہ کے اندر اپیلوں پر فیصلہ کرنے کا حکم برقرار رکھا، ہائیکورٹ پہلے ہی سیشن کورٹ کو مرکزی اپیلوں پر ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کرچکی ہے۔
8 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت کے دوران جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم اہمیت رکھتا ہے، میں اس کی خلاف ورزی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
3 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت 8 جولائی ملتوی کرتے ہوئے جج افخل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ 12 جولائی تک ہر حال میں فیصلہ سنانا ہے۔
2 جولائی کو وکیل سلمان اکرم راجا نے سزا معطلی کی درخواست مسترد ہونے کے فیصلے پر جزوی دلائل دیئے تھے۔
واضح رہے کہ 27 جون کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست مسترد کردی تھی۔
13 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدت نکاح کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر 10 دن میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی تھی، ساتھ ہی عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس میں مرکزی اپیلوں پر ایک ماہ میں فیصلہ سنانے کا حکم بھی دے دیا۔
عمران خان و بشریٰ بی بی کو سزا
3 فروری کو سول عدالت نے سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدت نکاح کیس میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
31 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوران عدت نکاح کیس خارج کرنے کے لیے بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
قبل ازیں 18 جنوری کو دوران عدت نکاح کیس کے خلاف عمران خان کی درخواست پر کیس فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو ارسال کردی گئی تھی، تاہم یہ واضح رہے کہ 16 جنوری کو عدت نکاح کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی جاچکی تھی۔
15 جنوری کو عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی غیر شرعی نکاح کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا، بشریٰ بی بی کی درخواست پر 17 جنوری کو کیس فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو ارسال کردی گئی تھی۔