لاہور: (دنیا نیوز) میٹرک کے سالانہ امتحان میں نجی سکولوں کے طلبہ چھائے رہے اور زیادہ پوزیشنز حاصل کیں۔
میٹرک کے سالانہ امتحانات میں پوزیشنز پر کن سکولوں کی اجارہ داری رہی؟ دنیا نیوز اور لاہور نیوز نے رپورٹ حاصل کر لی، پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں نجی شعبے کے سکولوں کی مجموعی طور پر 179 پوزیشنز تھیں، ان میں سے نجی سکولوں کے طلبہ نے 120 اور سرکاری سکولوں کے طلبہ نے 59 پوزیشنز حاصل کیں، پنجاب بھر میں پرائیویٹ سکولوں کے 34 اور سرکاری سکولوں کے 20 طلبہ نے پہلی پوزیشن لی۔
اسی طرح نجی سکولوں کے 34 اور سرکاری سکولوں کے 22 طلبہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، نجی سکولوں کے 52 اور سرکاری سکولوں کے 17 طلبہ تیسری پوزیشن پر رہے۔
سرکاری سکولوں میں سب سے زیادہ 12 پوزیشنز سرگودھا بورڈ نے حاصل کیں، نجی سکولوں کے طلبہ نے ساہیوال اور فیصل آباد بورڈ میں 17، 17 پوزیشنز حاصل کیں۔
تعلیمی بورڈز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو لاہور 69 فیصد سے زیادہ نتائج دے کر آخری اور ڈی جی خان بورڈ 82 فیصد سے زیادہ نتائج دیکر پہلے نمبر پر رہا۔
نجی سکولوں کی تنظیم آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بہترین نتائج دینے پر حکومت سے ٹیکسوں میں ریلیف دینے کی استدعا کی گئی ہے۔