لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر حسین بھٹی نے کیس کی سماعت کی، چودھری پرویز الہٰی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے، سابق وزیراعلیٰ کے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر جبکہ میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
حاضری معافی کی درخواست میں کہا گیا کہ سابق وزیراعلیٰ کی پسلیاں فریکچر ہیں، پی ٹی آئی رہنما کو سفر کرنے میں مشکل درپیش ہے لہٰذا حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔
عدالت نے چودھری پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ آخری موقع ہے آئندہ سماعت پر ملزم عدالت میں پیش ہو، آئندہ سماعت پر پرویز الہٰی سمیت دیگر شریک ملزمان پر فرد جرم عائد ہوگی۔
بعدازاں اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر شریک ملزمان کیخلاف مقدمہ کی کارروائی 29 جولائی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر پر پنجاب اسمبلی میں میرٹ کے برعکس بھرتیوں کا الزام ہے۔