لاہور:(دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ن میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ جس سے ملک کو خطرہ ہو اسے کوئی سیاسی جماعت نہیں کہتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن میاں جاوید لطیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں سی پیک پر کام کس نے رکوایا تھا، اب یہ کہتا ہے کہ سی پیک فیز ٹو بند کرکے دکھاؤں گا، ملک اب کسی امتحان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ملکی آئین توڑنے پر کارروائی کا عندیہ دیا تھا، پی ٹی آئی پر صرف پابندی کا کہا جارہا ہے ابھی پابندی نہیں لگی ، کیا آپ کے دور میں تحریک لبیک پر پابندی نہیں لگائی گئی تھی، آج انہیں سہولت کاری نظر آرہی ہے تو فوری تشویش کا اظہار کردیا۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی آئی ایم ایف سے کڑی سے کڑی شرائط لگوانا چاہتا ہے ، ملک میں کینیا جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،اب ہم مزید امتخان کے قابل نہیں رہے ، آج پاکستان کے مشکل حالات پر کسی کو تشویش نہیں ہے ، جس سے ملک کو خطرہ ہو اسے کوئی سیاسی جماعت نہیں کہتا ۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرکے ریاست کو کمزور کرنے والے خفیہ ہاتھ سامنے لائے جائیں، جو جماعت اپنی ملک اور قوم کی خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائے تو انہیں نشان عبرت بنا دیا جاتا ہے ، قومی جماعتیں کمزور ہونے سے جمہوریت کمزور ہوتی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مفاد جرم ہے تو یہ جرم ساری قوم کو کرنا چاہیے، حکومت چاہے لے لیں لیکن سی پیک کو بند کرے کا فیز ٹو منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیاستدان ریاست کیلئے ایک دوسرے سے غصہ اور بغض ختم کردیں۔