اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر حتمی فیصلہ کل تک مؤخر کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں مخصوص نشستوں پر فیصلہ نہ ہوسکا، الیکشن کمیشن کا مخصوص نشستوں بارے اجلاس کل دوبارہ طلب کر لیا گیا، اجلاس میں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، سپریم کورٹ نے فیصلے میں قومی اسمبلی، کے پی، پنجاب اور سندھ اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کا حق رکھتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں دو حلف ناموں سے متعلق ابہام موجود ہے، پی ٹی آئی کا تنظیمی ڈھانچہ نہیں ہے، تنظیمی ڈھانچہ نہ ہونے سے ابہام ہے۔
ذرائع کے مطابق مخصوص لسٹیں کس کی منظور کی جائیں، لاء ونگ نے سپریم کورٹ فیصلے پر بریفنگ دی۔