اسلام آباد: (دنیانیوز) قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ کل پورے ملک میں ہرصورت پرامن احتجاج ہوگا۔
قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے پاکستان تحریک انصاف کے کل بروز جمعہ ملک گیر احتجاج کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کل ہمارا پورے ملک میں بھرپور اور پر امن احتجاج ہوگا ، احتجاج میں ہمارے تین بنیادی مطالبات ہیں، جن میں ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ، ان کی اہلیہ بشری بی بی اور وہ کارکنان جن کو ملٹری کورٹس ٹرائل کا سامنا ہے، ان کو رہا کیا جائے۔
عمرایوب نے کہا کہ یہ احتجاج فارم 47 کی حکومت کی طرف سے کی جانے والی مہنگائی کے خلاف ہے، ہم پاکستان میں امن چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں، بانی چیئرمین کے ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھنے سے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔