اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف منظم مہم کی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی منظوری دی، ایف آئی اے نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
جے آئی ٹی کو بدنیتی پر مبنی منظم سوشل میڈیا پراپیگنڈے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے، جے آئی ٹی مجرموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد جے آئی ٹی کی سربراہی کریں گے جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم، ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کے ڈائریکٹر، اسلام آباد کے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور اسلام آباد سی ٹی ڈی کے ایس ایس پی کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔
جے آئی ٹی موصول ہونے والے مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کے خلاف منظم مہم کی تحقیقات کرے گی۔
چند روز قبل گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی کے احمد وقاص جنجوعہ کے موبائل پر مشکوک سرگرمیاں دیکھنے پر پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل دفتر پر چھاپہ مارا گیا، اسی کیس میں پی ٹی آئی کے انفارمیشن سیکرٹری رؤف حسن بھی زیر حراست ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا حب بنا ہوا ہے اور پوری دنیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا ملک دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کر یہاں سے کرایا جاتا تھا۔