معاشرے میں جھوٹ کے سبب صحیح لیڈر کی پہچان مشکل ہوگئی: مصطفیٰ کمال

Published On 28 July,2024 09:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ معاشرے میں جھوٹ کے سبب صحیح لیڈر کی پہچان مشکل ہوگئی۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایسا فارمولہ بتانا ہے کہ انسان قرآن مجید کے ذریعے صحیح لیڈر پہچان سکے، ہر دور میں جو پیغمبر آئے ان کو اللہ تعالیٰ نے ایک لیڈر ہی بنا کر بھیجا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یوسف علیہ السلام کا واقعہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں قیامت تک محفوظ کردیا، یوسف علیہ السلام کا واقعہ بند کمرے میں ہوا، مگر قران مجید میں اللہ تعالیٰ نے بتایا لیڈر بدکردار یا برا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام ایک کنویں کے پاس پہنچے، دو لڑکیوں کو بیٹھے دیکھا ان سے ماجرہ دریافت کیا، اللہ تعالیٰ نے اس واقعہ کو بھی حضرت محمدؐ کے ذریعے قرآن مجید میں ہم تک پہنچا دیا، حضرت محمدؐ نبوت ملنے سی بھی پہلے صادق اور امین تھے۔

سینئر رہنما کیو ایم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے لیڈر حضرت محمدؐ کا کردار بنایا، حضرت محمدؐ فتح یاب ہوکر بھی لوگوں کو معاف کر دیتے تھے، آج کے دور میں لیڈر کو پہچاننا بہت مشکل کام ہے، آج کے بعد سے کسی کو لیڈر ماننا ہو تو اس کے کردار کو معلوم کرو۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی کتاب قرآن مجید انسانوں کو چلانے کا مینول ہے، سیاستدان، بزنس مین، ججز، نوجوان خود کو صرف قرآن مجید میں ڈھونڈیں، آج سے پاکستان کے نوجوانوں کی مایوسی ختم ہونے کا دور شروع ہوچکا ہے۔