خان کی رہائی کی تحریک سے مطمئن نہیں، پارٹی سے نکالا تو واپس نہیں آؤں گا: شیر افضل

Published On 29 July,2024 08:14 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ تھا اور ساتھ رہوں گا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے تحریک سے مطمئن نہیں ہوں۔

پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے صوبائی اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی کی تحریک کے لئے کسی این او سی اور اجازت کی ضرورت نہیں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ مئی میں بانی پی ٹی آئی سے آخری ملاقات ہوئی، پارٹی میں اختلافات ہیں مگر کوئی دھڑا بندی نہیں ہے، میں پارٹی کے ساتھ ہوں، فواد چودھری کی طرح نہیں کہ اگر کوئی مجھے پارٹی میں رکھے تو رہوں گا، جن کو جیلوں میں ہونا چاہئے تھا وہ صوبے پر مسلط ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ یہ کیا بات ہوئی کہ این او سی نہیں ملا، عمران خان کی رہائی کے لئے کوئی این او سی نہیں مانگوں گا، ایک بار پارٹی سے نکال دیا تو پھر فواد چودھری کی طرح دوبارہ نہیں آؤں گا، جب بھی پی ٹی آئی تحریک چلائے گی میری ضرورت ضرور ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ لوگ جنہوں نے ہمیں مارا، چاردیواری کا تقدس پامال کیا وہ سب اچھی نشستوں پر بیٹھے ہیں، جب چیف سیکرٹری اور آئی جی وہی ہوں گے تو علی امین کیسے بااختیار ہوں گے، اگر چیف سیکرٹری اور آئی جی تبدیل نہیں ہوتے تو وزیراعلیٰ کو انہیں واپس کرنا چاہئے۔

شیرافضل مروت نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے بحیثیت وزیراعلیٰ اچھی کارکردگی دکھائی ہے، شبلی فراز کے بارے میں کچھ نہیں کہنا۔