پی ٹی آئی میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

Published On 29 July,2024 12:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اسلحہ و بارود برآمدگی کیس میں احمد وقاص جنجوعہ کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں جج طاہر عباس سپرا کے سامنے پیش کیا گیا، احمد وقاص جنجوعہ کی وکیل ایمان مزاری بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔

دوران سماعت ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ اُن کے موکل کو 20 جولائی کی رات 4 بجے اغوا کیا جاتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس مقرر تھا پھر بھی وہاں مقدمے کا ذکر نہیں کیا گیا، بعد میں اُن کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ لے لیا گیا۔

ایڈووکیٹ ہادی چٹھہ نے کہا کہ اس عدالت کو بھی اندھیرے میں رکھا گیا ہے، جسمانی ریمانڈ تب لیا گیا جب ہائیکورٹ میں کیس چل رہا تھا، ایف آئی آر میرے موکل کے اغوا کے دو دن بعد درج کی گئی، سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے کا الزام تھا اور کیس دہشت گردی کا بنا دیا گیا۔

عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ 7 دن کے ریمانڈ میں کوئی ریکوری ہوئی یا کوئی اور ملزم گرفتار ہوا کہ نہیں۔

تسلی بخش جواب نہ ملنے پر عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے احمد وقاص جنجوعہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔