دولت مشترکہ کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت ہے: صدر مملکت

Published On 30 July,2024 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے دولت ِمشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، پارلیمانی تبادلوں، قدرتی آفات کے شعبوں میں مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمانی اداروں، خاص طور پر نوجوان پارلیمنٹیرینز اور طلبہ کے مابین روابط بڑھانا ہوں گے، پاکستان دولت مشترکہ کا بانی رکن ہونے کے ناطے تنظیم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت نقصان اٹھانا پڑا، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے سندھ میں 20 لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے گئے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹ کی تجارت سے 27 ملین ڈالر کمائے گئے، سندھ حکومت نے 2022 کے سیلاب کے پیش نظر 20 لاکھ پائیدار مکانات کی تعمیر شروع کر دی۔

سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے منسلک بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، سیکرٹری جنرل نے تنظیم کے پاکستان کے ساتھ متحرک تعاون پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں پاکستان کے لیے پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی خدمات کو سراہا۔