پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں قربانیاں دینے والوں کوسلام پیش کرتا ہوں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہداء اور انکے لواحقین کو سلام پیش کرتا ہوں، سب سے پہلے امن و امان ہم نے قائم کرنا ہے، اپنی پولیس کو مزید مضبوط کریں گے، جب تک امن نہیں ہوگا ایک خوشحال صوبہ ممکن نہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اسلحہ سمیت دیگر سازو سامان کے لئے فنڈز دیئے ہیں اور مزید دیں گے، ٹریفک چالان میں 1 فیصد شہدا کے لئے ہوگا، ٹریفک چالان میں 20 فیصد پولیس ویلفیئر کو جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ شہدا کے بچے ہمارے بچے ہیں، سوچتا ہوں حاضر سروس پولیس اہلکار ایک ذہنی کیفیت میں ہوتے ہیں، ہمارا رویہ انکے ساتھ سخت نہیں ہونا چاہئے، سخت رویوں سے دل شکنی ہوتی ہے شہدا کی اور فورس کی، انکے ساتھ ہمیں اپنے رویئے پر بھی غور کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خزانے میں پیسے ہوں یا نہ ہوں امن وامان قائم کرنا ترجیح ہے، ہمارے جوان ملک کے اندر اور سرحدوں پر دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں، شہدا کے بچے ہمارے بچے ہیں، دہشت گردوں کو پیغام دیتا ہوں یہ جہاد نہیں تمہاری جہالت ہے، دہشت گرد اپنی اصلاح کریں۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ آخری دہشت گرد تک ہم ان کا مقابلہ کریں گے، یہ جہادی نہیں جاہل ہیں جو اپنے لوگوں کو مارتے ہیں، اپنے مسلمان بھائیوں کو مارنا جہاد نہیں ہے۔