سینیٹ میں حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر قرارداد متفقہ طور پر منظور

Published On 05 August,2024 05:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ اجلاس میں حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر قرارداد سینیٹر پلوشہ خان نے پیش کی، قرارداد میں اسرائیلی صیہونی حملے میں حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا، قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی شہادت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتا ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ اسرائیل ایک بین الاقوامی مجرم اور دہشت گرد ریاست کا روپ دھار چکا ہے، پاکستان، تمام ممالک، او آئی سی اور اسلامی ممالک متحد ہوکر اسرائیل کی دہشت گرد کارروائیوں کو روکیں، اسلامی ممالک غزہ کا محاصرہ ختم کرائیں تاکہ محصور فلسطینیوں تک ہنگامی امداد پہنچ سکے۔

قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا اسلامی ممالک متحد ہوں تاکہ غزہ پر ہونے والی بمباری کو فوری روکا جاسکے۔