اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار او آئی سی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں شریک ہونگے، اجلاس سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہوگا، اجلاس ایران اور فلسطین کی درخواست پر بلایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں اسرائیل کی فلسطین کے خلاف جارحیت اور دیگر علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال ہوگا، فلسطینی کاز کے حامی کے طور پر پاکستان نے ہمیشہ او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر اپنی آواز بلند کی۔
اجلاس میں وزیر خارجہ غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستان کے تحفظات پیش کریں گے، وزیر خارجہ غزہ میں فوری امن اور امدادی امداد کی فراہمی پر زور دیں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار او آئی سی کے رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔