اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران پاکستان-یو این ایچ سی آر تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، فرینکفرٹ، لندن اور برسلز میں پاکستان کے سفارتی مشن کے خلاف حالیہ افغان باشندوں کے حملے اور پرتشدد مظاہروں پر بھی بات چیت ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہائی کمشنر نے افغان مہاجرین کے لئے پاکستان کی روایتی مہمان نوازی کو سراہا، حکومت پاکستان کی طرف سے پی او آر کارڈز کی میعاد میں توسیع کے حالیہ فیصلے کی تعریف کی۔
اس موقع پر افغان مہاجرین کے مسئلے کا دیرپا حل تلاش کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، ہائی کمشنر کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔