لاہور: (دنیا نیوز) سیلابی ریلوں کی آمد کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے سندھ سے ملحقہ اضلاع کو فلڈ وارننگ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے کمشنر سرگودھا، ڈیرہ غازی خان اور کمشنر بہاولپور کو الرٹ جاری کیا گیا ہے، میانوالی، بھکر، لیہ، مظفرگڑھ، راجن پور اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں آئندہ چند روز تک سیلابی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے، تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے ترجمان نے بتایا کہ تونسہ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔