ارشد شریف قتل کیس: بینچ تشکیل کے معاملہ پر پریکٹس پروسیجر کمیٹی کے میٹنگ منٹس میں ترمیم

Published On 07 August,2024 09:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ارشد شریف قتل کیس پر بینچ تشکیل کے معاملہ پر پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے میٹنگ منٹس میں ترمیم کر دی گئی۔

دستاویز کے مطابق میٹنگ منٹس میں ترمیم جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر کی خواہش پر ہوئی، دونوں معزز ججز نے کہا ان کا مؤقف درست انداز میں سامنے آنا چاہئے، دونوں ججز کا مؤقف تھا ارشد شریف کیس کی آٹھ سماعتیں پانچ رکنی بینچ کر چکا ہے۔

دستاویز میں مزید بتایا کہ دونوں ججز نے کہا بینچ پانچ رکنی ہی برقرار رہنا چاہئے، ججز کا مؤقف تھا جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر سابق ججز کے ساتھ بینچ میں شامل تھے، دونوں ججز کا مؤقف تھا جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں ہی بینچ بنے۔

ترمیمی منٹس کے مطابق دونوں ججز نے کہا جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر کے بعد سنیارٹی والے ججز بینچ میں شامل ہوں، سنیارٹی ترتیب سے ہی جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی کو بینچ میں شامل کیا گیا۔

معزز چیف جسٹس نے کہا وہ چھٹیوں میں اپنے بینچ کے دنوں میں پرانے شریعت مقدمات نمٹانے کیلئے تیار ہیں۔