کراچی میں کہیں ہلکی بارش، کہیں بوندا باندی، موسم خوشگوار

Published On 10 August,2024 10:57 am

کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں بارش تو کہیں بونداباندی نے موسم خوشگوار کر دیا۔

کراچی کے علاقے کارساز، یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ، گلشن جمال، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف میں بوندا باندی ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کہیں کہیں بوندا باندی اور کہیں بارش کا بھی امکان ظاہر کر رکھا ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد کا مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ اس وقت شہر میں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔