کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں سے ہونے والے نقصانات بارے پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مسلم باغ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ، لورالائی میں 11 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، موسلادھار بارش کے باعث 91 افراد متاثرہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 20جولائی سے اب تک مون سون کی بارشوں سے 6 افراد جاں بحق ہوئے، موسلادھار بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث 5 گھر مکمل منہدم اور 8 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، طوفانی بارشوں سے 61 ایکڑ پر فصلیں اور 19 کلومیٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ طوفانی بارشوں کے باعث 4 پل مکمل طور پر تباہ ہو گئے، بارشوں کے دوران 82 مویشی ہلاک ہوئے۔