لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کی چھٹی ہوگئی جبکہ موسم خوشگوار ہوگیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں لکشمی چوک، ایبٹ روڈ ، شملہ پہاڑی، ڈیوس روڈ اور اطراف میں بادل برسے، چوبرجی، ساندہ، اسلام پورہ، شام نگر روڈ پر بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
اس کے علاوہ فیروزپور روڈ، اچھرہ، جیل روڈ اور اطراف میں بھی بارش سے گرمی کے ستائے لاہوریوں کے چہرے کھل اٹھے، کاہنہ، گجومتہ اور گردونواح میں بھی موسم میں خوشگوار تبدیلی آگئی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 107، لاہور میں 25، فیصل آباد میں 21 اور ساہیوال میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، بارشوں کا یہ سپیل 12 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے دریاؤں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 65 اور تربیلا میں 90 فیصد ہو چکی ہے، بھارتی ڈیمز میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ ہائی الرٹ رہے۔