پاکستان میں دوسرے مذہب کے لوگوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں : طاہر اشرفی

Published On 11 August,2024 01:25 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دوسرے مذہب کے لوگوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان جڑانوالہ اور سرگودھا جیسے واقعات کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک میں کسی کو بھی انتشارپھیلانے کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توہین مذہب اور رسالت کا مسئلہ بیان کیا جاتا ہے، پاکستان میں موجود غیر مسلم توہین مذہب کے مرتکب نہیں ہیں، عدلیہ سے اپیل ہے توہین مذہب کے کیسز کے فیصلے جلدی کیے جائیں تاکہ اصل مجرمان کو سزا ملے۔

حافظ طاہراشرفی کا مزید کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی پراپیگنڈے کا شکار بھی اسی لیے ہوتے ہیں کہ عدلیہ کے فیصلوں میں تاخیر ہے، میں آج یہ فتوی پیش کر رہا ہوں کہ اگر کوئی شخص کسی پر جاں بوجھ کر توہین مذہب اور توہین رسالت کا الزام لگاتا ہے تو قانون اس کے خلاف کھڑا ہو۔