راولپنڈی: (دنیا نیوز) نو اگست کو خوارجیوں سے مقابلے میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ عزیر محمود شہید کا تعلق اٹک سے ہے اور سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے، خوارجیوں سے وادی تیراہ میں مقابلہ ہوا، مقابلہ میں چار خوارجی مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک مقابلہ میں زخمی ہوئے تھے، سکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں بہادر جوانوں اور افسروں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید پختہ بناتی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید (عمر 24 سال، ساکن ضلع اٹک) کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، شہید کے لواحقین اور عسکری و سول حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید کو ان کے آبائی شہر میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔