حکومت نے معاہدے کی ایک ایک شق پر عمل نہ کیا تو پہیہ جام ہڑتال کرینگے: حافظ نعیم

Published On 11 August,2024 10:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم ایک ایک دن گن رہے ہیں، جماعت اسلامی اپنا معاہدہ پورا کروانا جانتی ہے، معاہدے کی ایک ایک شق پر ہم عمل درآمد کروائیں گے، اگر معاہدے سے حکومت نے ہٹنے کی کوشش کی تو ملک میں پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوموں کی امیدوں کا مرکز بن گئی ہے، اسلام آباد دھرنے کے موقع پر پنجاب حکومت نے گرفتاریاں کیں، خواتین کے قافلے روکے، پنجاب کی وزیر اعلیٰ کے تخت کا پتہ نہیں کب تخت ہونے والا ہے، قادنیوں کے مسئلے پر لاہور اٹھ کر کھڑا ہو جاتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ شہر سب سے بڑا حوصلہ رکھتا ہے سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کا، پاکستان آئین اور دستور کے مطابق چل رہا، کسی کو لاپتہ کرنے کا حق نہیں، اگر کوئی غیر معمولی سرگرمیوں میں ملوث ہے اس کے لئے قانون موجود ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل پر غور کیا جائے، دشمن اس کو توڑنے کی سازش کر رہا ہے، پاکستان کا سب سے بڑا دشمن امریکہ ہے، ملک میں اتفاق رائے پیدا کرکے مسائل کو حل کیا جائے،اگر ہمسایہ ملک سے کوئی تخریب کاری ہو رہی ہے تو افغان حکومت سے بات کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کے ذریعے عوام کا خون چوسیں گے تو کون ان کی عزت کرے گا، ہم نے اسلام آباد میں چودہ دن کا عوام کے لئے دھرنا دیا، پاکستان کے بچے بچے کو پتہ چل گیا آئی پی پیز والے ہمارے دشمن ہیں، حکومت نے پنتالیس دن کا ہمارے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔