لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے تمام کیسز یکجا کرنے اور مفصل تحقیقات کیلئے دائر درخواست پر لاء افسران کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے چودھری محمد بلال ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت، پراسیکیوٹر جنرل، آئی جی اور صوبہ بھر کی انسداد دہشتگردی عدالتوں سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ان کیسز میں مختلف ملزمان ہیں اور کیا پتا وہ اپنے شہروں میں اس حوالے سے مطمئن ہوں۔
بعدازاں عدالت نے 9 مئی کے تمام کیسز یکجا کرنے اور مفصل تحقیقات کیلئے دائر درخواست پر لاء افسران کو نوٹسزجاری کرتے ہوئے معاونت کیلئے طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کر دی۔