حکمرانی کےلئے حضرت عمر فاروقؓ کے ماڈل کی پیروی کرتی ہوں،وزیراعلی ٰ مریم نواز

Published On 12 August,2024 09:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ میں حکمرانی کیلئے حضرت عمر فاروقؓ کے ماڈل کی پیروی کرتی ہوں، وہ حکمرانوں کیلئے مینارہ نور اورمشعل راہ تھے۔

مریم نوازشریف سے مسجد نبوی ﷺ کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر ملاقات کے لئے وزیراعلیٰ آفس پہنچے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب نے مہمان ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرکا پرتپاک استقبال کیا، مسجد نبویﷺ کےامام سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرے والد محمد نوازشریف کے ساتھ سعودی شاہی خاندان کی دوستی اوررفاقت قابل رشک ہے،ہمارا پاور ہاؤس مدینہ منورہ میں ہے،اتنا لاہورکا پتہ نہیں لیکن مدینہ منورہ کی ہر ہر گلی کا علم ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات اچھی رہی، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اورمیرا مشن بھی یہی ہے، شہزادہ محمد بن سلمان اخلاص کے ساتھ سعودی عرب کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔

دوسری جانب امام مسجد نبویﷺ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب آسمان پر اکٹھے چمکنے والے دو قطبی ستاروں کے مانند ہیں، پاکستان اورسعودی عرب سٹریٹجک دوست ہیں،ماضی میں بھی تھے اور آئندہ بھی رہیں گے، محمد نوازشریف پاکستان کے دوست ہیں،ان کی لیڈر شپ پاکستان کیلئے بہتری اورفلاح کا باعث ہے، مریم نوازشریف بیٹی ہونے کے ناطے ان کے نقش قدم پر چل رہی ہیں۔