لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کو ریونیو وسائل بڑھانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ریونیو اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، ریونیو اتھارٹی کے نئے چیئرمین نعمان یوسف نے وزیراعلیٰ کو ادارے کی ورکنگ بارے بریفنگ دی، مریم نواز نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ریونیو وسائل بڑھانے کی ہدایت کر دی۔
دوران اجلاس عام آدمی کو متاثر کئے بغیر پی آر اے کے ریونیو ہدف میں 50 ارب کا اضافہ تجویز کیا گیا جس کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ریئل ٹائم انٹی گریشن آف ڈیٹا بیس کیلئے ایف بی آر سے منسلک کیا جائے گا۔
مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرہ کار مزید 12 اضلاع تک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فیصلے کے مطابق مری، اٹک، جہلم، قصور، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین میں ریونیو اتھارٹی آفس قائم ہوں گے، بہاولپور، اوکاڑہ، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈی جی خان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی پی آر اے کو فعال کیا جائے گا۔